Search This Blog

Thursday 12 January 2012

نمرود کی آگ بجھانے میں چڑیا کا کردار

نمرود کی آگ بجھانے میں چڑیا کا کردار
ایازالشیخ گلبرگہ

کتابوں میں لکھا ہے کہ جب توحید کی دعوت کے جرم میں حضرت ابراہیم خلیل ا? علیہ السلام کے خلاف فیصلہ کن کارروائی شروع کی گئی تو وقت کے بادشاہ نمرود کے حکم پر آگ کا بہت بڑا آلاؤ تیار کیا گیا، نمرودی سلطنت کے ہرکارے دور دور سے لکڑیوں کے گٹھے لاکر اس آلاؤ میں ڈالتے رہے جس کی وجہ سے آگ کی شدید حدت سے قرب و جوار کا علاقہ بھی جہنم زار بن گیا تھا...نمرود نے اپنی ساری طاقت اس آگ کو بھڑکانے پرصرف کر رکھی تھی، نمرود کا خیال تھا کہ اگر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعوت حق سے بچنا ہے تو انہیں پکڑ کر اس آگ میں ڈال کر زندہ جلا دیا جائے... ایک طرف تو نمرودی لشکر آگ دہکا رہے تھے اور دوسری طرف ایک چڑیا اس آلاؤ کے اوپر سے پرواز کرتی چکر لگارہی تھی، اس نے نار نمرود کے اوپر کئی چکر لگائے تو کسی صاحب حال نے اس سے سوال کیا کہ'' اے ننھی چڑیا تو یہاں کیسے آئی ہے، اور کیا کرنے چلی جاتی ہے؟چڑیا نے زبان حال سے جواب دیا، کہ میں جب بھی آتی ہوں تو میری چونچ میں پانی کا قطرہ ہوتا ہے... وہ قطرہ میں نار نمرود پرڈال کر دوبارہ پانی اپنی چونچ میں بھرنے کیلئے چلی جاتی ہوں اورپھرواپس آکر نمرودی آگ کو بجھانے کی کوشش کرتی ہوں... چڑیا سے سوال کرنے والے نے اس سے مخاطب ہو کر کہا کہ'' اے چڑیا تو بھی کیسی سادہ اور بھلی مانس ہے جس آگ نے میلوں علاقے کو جہنم زار بنا رکھا ہے... جس آگ کے شعلے آسمانوں سے باتیں کر رہے ہیں، جس آگ کو دہکانے اور بھڑکانے کیلئے نمرود نے اپنے سارے لشکر وقف کر رکھے ہیں تو اپنی ننھی سی جان سے اس آگ کو کیسے بجھا سکتی ہے...؟ جاچلی جا اپنے بچوں کیلئے دانا دنکا اکٹھا کر یہ نہ ہو کہ آگ کہیں تیرے پروں کو جلا کر ہی خاکستر نہ کر دے... صاحب دل بزرگ کی یہ باتیں سن کر چڑیا بولی گو کہ میں بہت نحیف اور کمزور ہوں اور میں یہ بھی جانتی ہوں کہ میری چونچ میں لایاگیا یہ قطرہ قطرہ پانی اس بھڑکتی آگ کو نہیں بجھا سکتا، مگر یہ میرا عمل قیامت تک آنے والی نسلوں کیلئے سبق آموز بن جائے گا کہ جب نمرود کے لشکروں کے لشکر اور نمرودی سلطنت کا ہر ہرفرد اس آگ کوبھڑکا نے میں مصروف تھا تو ایک ننھی سی چڑیا آگ بجھانے کی کوششیں کرتی رہی... سو میں خود کوآگ بھڑکانے والوں میں نہیں بلکہ آگ بجھانے والوں میں شامل رکھنا چاہتی ہوں''
اب ہمیںفیصلہ کرنا ہے کہ ہم کس طبقہ کے ساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں۔ اور عصر حاصر کے نمرودںکی آگ بجھانے ہماری کیا کوشش اور حکمت عملی ہے۔
ayazfreelance@gmail.com
http://ayazmedia.blogspot.com/


No comments:

Post a Comment