Search This Blog

Tuesday, 6 March 2012

اسامہ کا ذکراب بھی زندہ ہے

اسامہ کا ذکراب بھی زندہ ہے
روزنامہ جسارت

- اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں موجودگی اورامریکی حملے کے بعداسامہ کی لاش لے جاکرسمندربردکرنے کا پورا معاملہ اب تک مشکوک ہے۔ امریکی حکومت نے دعویٰ کیاتھا کہ اسامہ کو اسلامی طریقے سے نمازجنازہ پڑھواکر سمندرمیں ڈالاگیا۔ اس وقت بھی یہ بات حلق سے نہیں اتری تھی اور یہ اعتراض بھی کیاگیا تھا کہ لاش کو سمندربردکرنا ہرگزاسلامی طریقہ نہیں ہے الاّیہ کہ بحری سفرکے دوران کوئی انتقال کرجائے اور ساحل کئی دن کی مسافت پرہو۔ سوال یہ اٹھا تھاکہ امریکاکو اپنے سب سے بڑے دشمن کی لاش کو سمندرمیں پھینکنے کی ایسی جلدی کیاتھی۔ یہ تو اس کی ایک بڑی فتح تھی جس کے پیش نظر امریکا اپنی وحشی فطرت کے مطابق لاش کی نمائش ضرور کرتا۔ مگرآناً فاناً ڈی این اے ٹیسٹ بھی ہوگیا اورلاش ٹھکانے لگادی گئی۔ دنیا کے پاس امریکی دعوے کے سوا کوئی ثبوت نہیں کہ ایبٹ آباد سے اسامہ ہی کی لاش لے جائی گئی۔ اس دعوے کا استقبال اس پر اظہارخوشی پاکستان کے وزیراعظم اور صدر نے کیا اور اسے ایک ’’عظیم فتح‘‘ قراردیاگیا ۔اس ضمن میں اوربھی افواہیں سامنے آئی ہیں کہ صدرآصف علی زرداری کو امریکی حملے کا علم تھا اور انہوں نے امریکی ہیلی کاپٹروں کو نہ روکنے کی ہدایت کی تھی مگر ان افواہوں کی تصدیق نہیں ہوسکے گی۔ اب وکی لیکس نے انکشاف کیاہے کہ اسامہ بن لادن کی لاش کو سمندربرد نہیںکیاگیا بلکہ سی آئی اے کے طیارے میں امریکی ریاست ڈلویرمیں واقع فوجی اڈے میں پہنچایاگیا۔ پھر میری لینڈ کے ایک طبی مرکزمیں لاش کا معائنہ کیاگیا اس کی تصاویر گئیں‘انگلیوں کے نشانات اورڈی این اے حاصل کیے گئے۔ بظاہرتوایک نجی امریکی ادارے اسٹراٹ فور کی خفیہ انٹیلی جنس فائلوں سے یہ معلومات حاصل کی گئی ہیں تاہم یہ قرین قیاس ہے کیونکہ امریکا پوری تصدیق کے بغیر اسامہ کی لاش کو سمندر برد نہیں کرسکتاتھا۔ یہ امریکا اور سی آئی کا خصوصی انداز واردات ہے کہ ہرمعاملہ پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ لیکن اب امریکا ہی میں سرگرم نجی ادارے پول کھول رہے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا اسامہ کی لاش پر مشق ستم کرنے کے بعد ان کی تدفین باقاعدہ اسلامی طریقے سے ہوئی یا نہیں۔ اس کے امکانات نہیں ہیں کیونکہ امریکا تو زندوںکا احترام نہیںکرتا‘ مسلمانوںکی لاشوں کاکیاکرے گا۔کچھ ہی عرصہ پہلے افغانستان میں شہید ہونے والے مسلمانوں کی لاشوں پر بدبخت امریکیوں کی طرف سے پیشاب کرنے کی گھنائونی حرکت سامنے آچکی ہے۔ بہرحال اسامہ تو شہید ہوگئے اب ان کی لاش کے ساتھ کیا ہوا اس سے ان کو فرق نہیں پڑتا لیکن پاکستانی حکمرانوں کے دوستوں کا فریب مسلسل سامنے آرہاہے۔

No comments:

Post a Comment